ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق، 11 زخمی ہوگئے

ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق، 11 زخمی ہوگئے

کالاشاہ کاکو،قصور،مصطفی آباد،کھڈیاں خاص(نامہ نگاران ،نمائندگان دنیا)ٹریفک حادثات میں 4 افراد جاں بحق اور11 زخمی ہوگئے۔ جی ٹی روڈ پر رانا ٹاؤن کے قریب تیز رفتارمنی ٹرک کی ٹکر سے دو موٹر سائیکل سوار دوست جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔

مقامی فیکٹری چاروں ملازم دوست موٹر سائیکل پر ونڈالہ  دیال شاہ جارہے تھے کہ رانا ٹاؤن برساتی نالہ پل کے قریب تیر رفتار مزدا ٹرک نے چاروں حیدر،عبداﷲ، عمیر اور عمر کو روندڈالا ،حیدر موقع پر جاں بحق ، تین زخمی ہوگئے ۔ ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر عبداﷲ بھی دم توڑ گیا جبکہ عمیر اور عمر زیر علاج ہیں۔ حادثہ کے بعد ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا ۔ پولیس نے ٹرک قبضہ میں لے کر لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر یں اورمقدمہ درج کر لیا ۔ دیپالپور روڈ پرویگن اور رکشہ کی ٹکر سے ایک مسافر جاں بحق 9 افراد زخمی ہوگئے ۔ ویگن سواریوں کو لے کر الہ آباد سے قصور جارہی تھی کہ جب وہ دیپالپور روڈ کھڈیاں ریسکیو سٹیشن کے قریب پہنچی تو ٹائر برسٹ ہونے پر روڈ کی دوسری جانب رکشہ سے ٹکراکر سوئے میں جا گر ی، 28 سالہ سجاد موقع پر جاں بحق جبکہ 23سالہ عنبر ، 32سالہ مینا بی بی، 40 سالہ سلمیٰ ، 20 سالہ نیلم ، 50سالہ سیماں ،42 سالہ سرفراز، 17 سالہ مصباح بی بی، 17 سالہ اقرااور 4سالہ کشف زخمی ہوگئیں۔ مصطفی آباد کے علاقے میں پٹرول پمپ کے قریب سڑک عبور کرتے 50 سالہ نامعلوم شخص قصور سے آنے والے تیز رفتار مزدا ڈالے کی ٹکر سے موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں