تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو اختیارات دینے کی تیاریاں

 تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو اختیارات دینے کی تیاریاں

لاہور(شیخ زین العابدین)پنجاب کی تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو انتظامی اور تعمیراتی اختیارات دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ محکمہ ہاؤسنگ نے وزیرِاعلیٰ پنجاب کو اس فیصلے کے لیے سمری ارسال کر دی ہے۔

یہ اقدام ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ پیکیج کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جا رہا ہے ۔منظوری کی صورت میں سیوریج، واٹر سپلائی اور دیگر تعمیراتی منصوبے اتھارٹیز کے سپرد ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں رفتار اور شفافیت لانے کے لیے ایک بڑا قدم اٹھا لیا۔ محکمہ ہاؤسنگ نے وزیرِاعلیٰ پنجاب کو سمری ارسال کرتے ہوئے تجویز دی ہے کہ جہاں ڈویلپمنٹ اتھارٹیز موجود ہیں، وہاں انتظامی اور تعمیراتی اختیارات مکمل طور پر انہی کے سپرد کیے جائیں۔ اس تجویز میں سیوریج، واٹر سپلائی، سڑکوں اور فٹ پاتھ کی تعمیر اور ماسٹر پلاننگ سمیت تمام امور شامل ہیں۔ اس وقت مختلف شہروں میں کارپوریشن اور ڈویلپمنٹ اتھارٹیز دونوں کام کر رہی ہیں، جس سے بعض اوقات حدود کا تنازع پیدا ہوتا ہے اور منصوبے تاخیر کا شکار ہو جاتے ہیں۔محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق یہ فیصلہ ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ پیکیج کے تناظر میں کیا جا رہا ہے تاکہ شہری انفراسٹرکچر منصوبوں میں یکساں حکمت عملی اپنائی جا سکے۔ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، ملتان سمیت دیگر اضلاع کی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو بھی اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔منظوری کی صورت میں تمام ترقیاتی کام براہِ راست ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے تحت مکمل ہوں گے، جس سے منصوبوں کی رفتار بڑھنے اور معیار میں بہتری کی توقع ہے۔ محکمہ ہاؤسنگ کا کہنا ہے کہ دوہری ذمہ داری ختم کرنے سے اختیارات کی تقسیم میں درپیش مسائل کا خاتمہ ہو گا۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں