دو سکینڈلز پر سال بعد بھی کسی ذمہ دارکیخلاف کارروائی نہ ہو سکی

 دو سکینڈلز پر سال بعد بھی کسی ذمہ دارکیخلاف کارروائی نہ ہو سکی

بھرتیوں ، مدرسہ کھانا سکینڈل پرمحکمہ سکول خاموش ،سزا وجزا کے نظام پر سوالیہ نشان

لاہور(عاطف پرویزسے )ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کے تحت سامنے آنے والے دو بڑے سکینڈلز پر ایک سال گزرنے کے باوجود کسی ذمہ دار کیخلاف تاحال کوئی عملی کارروائی نہ ہو سکی۔ درجہ چہارم بھرتیوں اور مدرسہ کھانا سکینڈل پر محکمہ سکول ایجوکیشن کی خاموشی نے سزا و جزا کے نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دیئے ۔ذرائع کے مطابق ایجوکیشن اتھارٹی میں درجہ چہارم بھرتیوں میں بے ضابطگیوں اور مدرسہ کھانا سکینڈل انکشاف کے بعد محکمہ سکول ایجوکیشن نے انکوائری کمیٹیاں تو تشکیل دیں تاہم ابتک کسی افسر یا اہلکار کو سزا نہیں دی جا سکی۔درجہ چہارم بھرتی سکینڈل پر دو مرتبہ انکوائریاں ہوچکی ہیں جبکہ مدرسہ کھانا سکینڈل ابتدائی انکوائری میں متعلقہ ڈی ای اوکو قصوروار بھی قرار دیا گیا ۔ اسکے باوجود نہ تو کسی کیخلاف محکمانہ کارروائی کی گئی اور نہ ہی کسی افسر کو ہٹایا گیا۔دونوں سکینڈلز میں ملوث افسر تاحال فرائض انجام دے رہے ہیں ۔ انکوائری رپورٹس کے باوجود کارروائی نہ ہونا محکمہ میں سزا و جزا کا نظام مشکوک بنا رہا ہے۔شہری اور اساتذہ تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان سکینڈلز میں ملوث عناصر کیخلاف فوری اور شفاف کارروائی کی جائے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں