ایونیو ون ہاؤسنگ سکیم ایک مرتبہ پھر تنازعات، تاخیر کی زد میں
سکیم ایل ڈی اے کی ترجیح نہ رہی ، دو بلاکس میں الاٹیز کو قبضے کا معاملہ التوا کا شکار
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )ایل ڈی اے کی ایونیو ون ہاؤسنگ سکیم ایک مرتبہ پھر تنازعات اور تاخیر کی زد میں ہے ۔وقت گزرنے کے ساتھ یہ سکیم ایل ڈی اے کی ترجیحات سے نکلتی دکھائی دے رہی ہے جسکے باعث الاٹیزکے مسائل برقرار ہیں۔ سکیم کے دو بلاکس میں الاٹیوں کو قبضے دینے کا معاملہ مسلسل التوا کا شکار ہے ۔کے اورایل بلاک میں پلاٹ الاٹ ہونے کے باوجود قبضہ نہیں دیا جا سکا۔ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے شعبہ انجینئرنگ نے بھی سکیم میں ترقیاتی کام کی رفتار سست کر دی ہے جس سے کئی دہائیوں سے تنازعات کا شکار ان بلاکس کے الاٹیز کو تاحال قبضہ نہیں مل سکا۔دونوں بلاکس میں ترقیاتی کام کی سست روی نے قبضہ فراہمی عمل کو مزید غیر یقینی بنا دیا ۔ دستاویزات کے مطابق ڈی جی ایل ڈی اے نے متعلقہ ڈائریکٹر کو کے اور ایل بلاکس میں قبضہ فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے تھے لیکن ان پر مکمل عملدرآمد نہ ہو سکا۔
ایونیو ون سکیم کے چھ بلاکس میں سڑکوں کی تعمیر و دیگر انفراسٹرکچر بچھانے کا کام جاری ہے مگر تنازعات کا شکار بلاکس کے الاٹیز بدستور انتظار میں ہیں۔کئی دہائیوں سے مسائل کا سامنا کرنیوالے الاٹیز کو پلاٹ دلانے کے عمل پر پھر سوالیہ نشان لگ گیا ہے ۔ماضی میں ایونیو ون سکیم 850 کنال اراضی کا قبضہ حاصل کر چکی ہے تاہم اسکے باوجود دو بلاکس میں قبضہ نہ ملنا انتظامی ترجیحات اور عملدرآمد پر سنجیدہ سوالات کو جنم دے رہا ہے ۔