سکولوں کے ہزاروں بچے جسمانی ، ذہنی مشکلات کا شکار
خصوصی بچوں کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی کی ضرورت:رپورٹ
لاہور(عاطف پرویز سے )سکولوں میں بچوں کی صحت اور جسمانی مسائل پر مبنی ایک جامع سروے رپورٹ سامنے آ گئی ہے ، جس کے مطابق بڑی تعداد میں بچے مختلف جسمانی اور ذہنی مشکلات کا شکار ہیں۔رپورٹ میں خصوصی بچوں کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی اور جامع تعلیمی حکمتِ عملی اپنانے پر زور دیا گیا ہے ۔ یادداشت اور توجہ کی کمی کے مسئلے سے دو لاکھ اٹھاون ہزار چار سو سترہ بچے کسی حد تک متاثر ہیں، سینتیس ہزار چار سو بارہ بچوں کو زیادہ جبکہ آٹھ ہزار چار سو اکاون بچوں کو شدید مشکل کا سامنا ہے ۔بصارت کے مسائل بھی نمایاں طور پر سامنے آئے ہیں، بتیس ہزار پانچ سو ستاون بچوں کو کچھ، دو ہزار پانچ سو ساٹھ کو زیادہ جبکہ دو ہزار تین سو انچاس بچوں کو شدید دشواری ہے ۔اسی طرح سماعت کے مسائل کے حوالے سے اکیس ہزار تینتالیس بچوں کو کچھ، دو ہزار ایک سو انچاس کو زیادہ جبکہ ایک ہزار تین سو اکتالیس بچوں کو بالکل سننے میں مشکل پیش آ رہی ہے ۔ چلنے پھرنے یا سیڑھیاں چڑھنے میں بھی ہزاروں بچے مشکلات کا شکار ہیں، سولہ ہزار آٹھ سو پچپن بچوں کو کچھ، دو ہزار اکسٹھ کو زیادہ اور ایک ہزار دو سو سینتیس بچوں کو شدید مسئلہ درپیش ہے ۔ترجمان محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ سکولوں میں بچوں کی صحت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔