سکولزمیں گریڈ 20پرنسپلز تعیناتی کا مسئلہ شدت اختیار کرگیا

 سکولزمیں گریڈ 20پرنسپلز تعیناتی کا مسئلہ شدت اختیار کرگیا

لاہور کے 26سکولوں میں صرف ایک پرنسپل موجود،انتظامی و تعلیمی امور متاثر

لاہور(خبر نگار)پنجاب بھر کے ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں گریڈ 20 کے پرنسپلز کی تعیناتی کا مسئلہ شدت اختیار کرگیا۔لڑکوں کے 236 سکولوں میں صرف 6 پرنسپلز جبکہ لاہور کے 26 سکولوں میں صرف ایک پرنسپل موجود ہے جس سے انتظامی وتعلیمی امور متاثر ہو رہے ہیں۔ صوبہ بھر میں لڑکوں کے سکولوں میں 230 پرنسپلز کی اسامیاں خالی جبکہ لاہور میں 20اسامیاں خالی ہیں۔ پنجاب بھر کے 200گرلز ہائی و ہائر سیکنڈری سکولوں میں تقریباً 50فیصد میں پرنسپلز تعینات ہیں ۔ شاہدرہ، ریٹیگن روڈ، بندیاں والا پل، پائلٹ سکول وحدت کالونی ، یتیم خانہ ،چوہنگ، جلو موڑ، گلبرگ، اتوکے اعوان، مانگا منڈی، گلشن راوی، رائیونڈ اور سمن آباد میں پرنسپلز کی اسامیاں خالی ہیں ۔ڈائریکٹر لاہور ڈویژن گریڈ 20کی اسامی بھی خالی ہے ۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ گریڈ 19 سے 20میں ترقی کیلئے سینئر اساتذہ کے کاغذات کی جانچ پٹرتال جاری ہے انہیں جلد ترقیاں دی جائینگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں