52ہزار میں سے صرف 7ہزار رجسٹرڈ رضاکار فعال
پنجاب میں منظور شدہ 82 ہزار اسامیوں میں سے 30 ہزار خالی
لاہور (رپورٹ عمران اکبر )آج پاکستان یومِ شہری دفاع منایا جا رہا ہے ۔ جنگ ہو یا سیلاب، زلزلہ یا کوئی بھی ناگہانی آفت، اپنے قیام سے لے کر آج تک ہر ہنگامی صورتحال میں محکمہ شہری دفاع فرنٹ لائن فورس کے طور پر کام کرتا ہے ،ماضی میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے رضاکاروں کے فنڈز میں 24 فیصد تک کمی کی گئی۔ صوبہ پنجاب میں منظور شدہ 82 ہزار اسامیوں میں سے 30 ہزار خالی ہیں۔ 52 ہزار رجسٹرڈ رضاکاروں میں سے صرف 7 ہزار 300 باقاعدگی سے فعال ہیں، اور ان میں سے بھی صرف 2 ہزار 112 رضاکاروں کو 557 روپے یومیہ الاؤنس ملتا ہے ، جو نہایت کم ہے ۔ڈی سی لاہور علی اعجاز کا کہنا ہے کہ لاہور میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکام ایک مؤثر ڈیزاسٹر ریسپانس یونٹ کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں ۔دوسری جانب ملک کے سب سے بڑے میٹروپولیٹن یعنی کراچی کی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہاں بھی صورتحال ناگفتہ بہہ نظر آتی ہے ۔ ساڑھے پانچ کروڑ آبادی کے مقابلے میں سول ڈیفنس کی صرف 308 اسامیاں موجود ہیں، جن میں سے 197 خالی ہیں۔ شہر بھر میں تقریباً 200 فعال رضاکار موجود ہیں جبکہ ایمرجنسی سائرن کا نظام 1990 سے غیر فعال پڑا ہے ۔تاہم پنجاب میں اب بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔