نئے تعمیر ٹینکس کے ساتھ ریچارجنگ ویلز بھی بنیں گے
منصوبے کے تحت شہر کے نمایاں مقامات کو ترجیحی بنیادوں پر منتخب کیا گیا
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )شہر میں پہلے سے تعمیر شدہ زیرِ زمین واٹر ٹینکس کے ماڈل کو اپ گریڈ کرتے ہوئے اب نئے تعمیر ہونے والے ٹینکس کے ساتھ ریچارجنگ ویلز بھی بنائے جائیں گے ۔ماضی میں تعمیر کیے گئے واٹر ٹینکس کے ساتھ ریچارج ویل شامل نہیں کیے جائیں گے ، تاہم آئندہ بننے والے تمام ڈھانچوں میں یہ نظام لازمی جزو ہوگا۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد بارشی پانی کو محض ذخیرہ کرنے تک محدود رکھنے کے بجائے اسے قدرتی ذخائر میں واپس منتقل کرنا ہے ، تاکہ زیرِ زمین پانی کی سطح کو بتدریج بلند کیا جا سکے ۔منصوبے کے تحت شہر کے نمایاں مقامات کو ترجیحی بنیادوں پر منتخب کیا گیا ہے ۔قذافی سٹیڈیم، کوپر روڈ اور تاجپورہ میں قائم واٹر ٹینکس پر ریچارجنگ ویلز تعمیر کیے جائیں گے۔ اسی طرح لاہور ریلوے سٹیشن اور کریم پارک سمیت مجموعی طور پر دس مقامات پر واٹر ٹینکس کے ساتھ ریچارجنگ ویلز کی تکمیل کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ ریچارجنگ ویلز میں خصوصی فلٹریشن سسٹم نصب کیا جائے گا جو برساتی پانی کو مٹی، کچرے اور آلودگی سے پاک کر کے بتدریج زمین میں جذب کرے گا۔