نجی سکولوں کی رجسٹریشن اور تجدید سست روی کا شکار
2سال کے دوران رجسٹریشن کے 3 ہزار کیسز نمٹائے جا چکے :حکام
لاہور(عاطف پرویز سے )لاہور میں نجی سکولوں کی رجسٹریشن اور رینیوئل کا عمل سست روی کا شکار ہو گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے تقریباً پندرہ سو نجی سکولوں کی رجسٹریشن رینیوئل گزشتہ ایک سال سے التوا کا شکار ہے ۔ رجسٹریشن نہ ہونے کے باعث متعدد سکولوں کو تعلیمی بورڈ سے الحاق کے معاملات میں بھی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ سکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تمام مطلوبہ کاغذات جمع کرانے کے باوجود رجسٹریشن کا عمل مکمل نہیں کیا جا رہا۔ سکول مالکان کے مطابق رجسٹریشن نہ ہونے کے باوجود ان سے ماہانہ ایک ہزار روپے جرمانہ بھی وصول کیا جا رہا ہے اور اب جرمانہ فیس ایک ہزار سے بڑھا کر پانچ ہزار روپے کرنے کی بات کی جا رہی ہے ۔دوسری جانب ایجوکیشن اتھارٹی حکام کا مؤقف ہے کہ کئی سکولوں کی جانب سے دستاویزات مکمل فراہم نہیں کی گئیں جس کی وجہ سے رجسٹریشن کا عمل مکمل نہیں ہو سکا۔حکام کے مطابق گزشتہ دو سال کے دوران رجسٹریشن کے تقریباً تین ہزار کیسز نمٹائے جا چکے ہیں اور باقی کیسز پر بھی کارروائی جاری ہے ۔