5 شہروں میں آر سی سی پائپ پلانٹس کی تنصیب شروع
پہلے مرحلے میں 32 روڈ سائیڈ سٹوریج ٹینکس بنائے جا رہے :وزیر بلدیات
لاہور(خبر نگار)وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت پانچ شہروں میں آر سی سی پائپ پلانٹس کی تنصیب شروع ہوگئی ہے ۔ محکمہ بلدیات کی زیرنگرانی شفاف ٹینڈرنگ کے ذریعے 51 شہروں میں 13 ارب کی بچت کی گئی۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں سپیشل سیکرٹری (ڈویلپمنٹ) آسیہ گُل اور پراجیکٹ ڈائریکٹر احمر سہیل کیفی نے بریفنگ دی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پی ڈی پی کی تمام سکیموں صرف لائننگ والے پائپ استعمال کئے جائیں گے جن کی عمر ایک سو سال ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر یہ پلانٹس وزیرآباد، ساہیوال/ سرگودھا، کمالیہ، لودھراں اور فیروزوالہ میں لگائے جا رہے ہیں تاہم سپلائی لائن برقرار رکھنے کے لئے مزید پلانٹس بھی لگائے جائیں گے ۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام مریم نواز حکومت کا بہت بڑا منصوبہ ہے ۔ اتنے زیادہ شہروں میں بیک وقت پہلے کبھی ایسے منصوبے نہیں شروع ہوئے ۔ وزیراعلیٰ باقاعدگی کے ساتھ پی ڈی پی پر اپ ڈیٹ حاصل کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 32 روڈ سائیڈ سٹوریج ٹینکس بنائے جا رہے ہیں۔