تحفظ ناموس رسالت ؐ پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا:بار کونسل
اسلامو فوبیا پر مبنی تمام طرزعمل کی تمام صورتوں کی مذمت کرتے :چیئرمین قیصر بٹ
لاہور( آئی این پی) پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین خواجہ قیصر بٹ نے کہا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت ؐ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا،ناموسِ رسالت ؐ کے تحفظ کے لیے موجودقوانین کا سختی سے نفاذ یقینی بنایا جائے اوراس بات کو بھی یقینی بنایاجائے کہ ان قوانین کا غلط استعمال نہ ہو تاکہ بے گناہ افراد کسی جھوٹے الزام کا شکار نہ ہوں،اقوام متحدہ اور عالمی ادارے نفرت انگیزیوں کے خلاف موثر اور یقینی اقدامات کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ‘‘ یوم تحفظ ناموس رسالت ؐ ’’ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی فخر حیات اعوان سمیت وکلا کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ مواد کی تشہیری مہم کے سدباب اور اس میں ملوث مجرموں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے کے لئے عدالتی محاذ پر بھرپور آئینی و قانونی جنگ لڑیں گے ۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ فوری طور پر مؤثر فلٹریشن نظام نافذ کرے تاکہ گستاخانہ مواد اپ لوڈ نہ ہو سکے ۔