کوٹلی ستیاں کے چیوڑہ بیس پر خوبصورت ریزورٹ قائم
منصوبے کا مقصد ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو معیاری رہائش فراہمی:ٹی ڈی سی پی
لاہور (خبر نگار)ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (ٹی ڈی سی پی) نے صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے کوٹلی ستیاں کے دلکش مقام چیوڑہ بیس پر ایک جدید اور خوبصورت ریزورٹ قائم کیا ہے ۔ اس منصوبے کا مقصد ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو معیاری رہائش، جدید سہولیات اور فطرت کے قریب ایک منفرد اور پُرسکون قیام کا تجربہ فراہم کرنا ہے ۔نئے قائم کیے گئے اس ریزورٹ میں مجموعی طور پر سات پوڈز اور چار ٹری ہاؤسز تعمیر کیے گئے ہیں، جو قدرتی ماحول میں سیاحوں کو منفرد اور پُرسکون قیام کا تجربہ فراہم کریں گے۔
ان رہائشی یونٹس کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ سیاح آرام دہ اور خوشگوار ماحول میں اپنی قیام گاہ سے لطف اندوز ہو سکیں۔اس بات کا خصوصی خیال رکھا گیا ہے کہ یہاں فیملیز کے لئے بہترین ماحول اور سہولیات کو یقینی بنایا جائے ۔پوڈز میں آرام دہ بیڈز، منی کچن اور سٹنگ ایریاز سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جبکہ ٹری ہاؤسز کو ماحول دوست سیاحت کے تصور کے تحت تعمیر کیا گیا ہے تاکہ سیاح فطرت کے قریب رہتے ہوئے ایک محفوظ اور منفرد تجربہ حاصل کر سکیں۔ ریزورٹ میں سیاحوں کی تفریح کے لیے ریستوران، اے ٹی وی رائیڈز، سٹار گیزنگ اور ہائیکنگ ٹریل ایریا جیسی سرگرمیوں کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے ، جس سے یہاں آنے والے سیاح مکمل تفریحی اور پُرلطف تجربہ حاصل کر سکیں گے۔