ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال میں ہفتہ وار میڈیکل کیمپ کا انعقاد
ادارے کا مقصد مستحق مریضوں کو مفت سہولیات فراہم کرنا :سی ای او ساجد حسین
لاہور ( سٹاف رپورٹر) ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال میں ہفتہ وار میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کی نگرانی سی ای او محمد ساجد حسین نے کی۔ میڈیکل کیمپ میں آنے والے مریضوں کا ماہر ڈاکٹروں نے مفت معائنہ کیا جبکہ انہیں مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ اس کے علاوہ مستحق مریضوں کے بلڈ ٹیسٹ، ایکسرے اور کلر ڈوپلر سمیت دیگر ضروری تشخیصی سہولیات بھی بغیر کسی معاوضے کے فراہم کی گئیں۔
کیمپ میں بڑی تعداد میں مریضوں نے شرکت کی اور مفت طبی سہولیات سے استفادہ کیا۔ مریضوں اور ان کے لواحقین نے فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے فلاحی اقدامات مستحق افراد کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں، کیونکہ مہنگے علاج اور ٹیسٹوں کے اخراجات عام آدمی کے لیے اکثر ناقابل برداشت ہو جاتے ہیں۔ سی ای او محمد ساجد حسین نے اس موقع پر کہا کہ ادارے کا بنیادی مقصد دکھی انسانیت کی خدمت اور ایسے مریضوں کو علاج فراہم کرنا ہے جو مالی مشکلات کے باعث مناسب طبی سہولیات حاصل نہیں کر پاتے۔