ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی ظلم ہے : جماعت اسلامی
یتیموں کی کفالت اور ان کی مدد کرنا نبی کریم کی سنت :ضیاالدین قصوری ودیگر
لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے وفاقی حکومت کی جانب سے کفایت شعاری کے نام پر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 5 سے 30 فیصد تک کٹوتی کے فیصلے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے قابلِ مذمت قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں جب مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے ، ایسے اقدامات عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں۔دریں اثنا جماعت اسلامی پی پی 163 کے زیر اہتمام گرین ٹاؤن میں باہمت بچوں کے لیے عید شاپنگ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد یتیم اور مستحق بچوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا تھا۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ یتیموں کی کفالت اور ان کی مدد کرنا نبی کریم ؐ کی عظیم سنت اور جنت کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے ۔علاوہ ازیں رمضان اور قرآن ، استحکام پاکستان کے ضامن اور آزادی کے محافظ ہیں۔ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے ستائیسویں شب یوم پاکستان کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا۔