قرآن بورڈ محکمہ اوقاف کی تحفظ ناموس رسالتؐ کانفرنس
ہر دن تحفظ ناموس رسالتؐ کا دن ہے :طاہراشرفی ، عبدالخبیر آزادودیگرکاخطاب
لاہور(سپیشل رپورٹر)پنجاب قرآن بورڈ محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام ہونیوالی تحفظ ناموس رسالتؐ کانفرنس میں کہاگیا ہے کہ افغانستان نے ہمارے احسانات کے بدلے ہمارے بچوں کا خون بہایا، اب بہت ہوچکا، اب پاکستان میں خون خرابہ نہیں ہونے دیں گے ۔ ہر دن تحفظ ناموس رسالتؐ کا دن ہے ۔ کانفرنس کی صدارت چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کی۔ جبکہ وزیراعظم کے مشیر حافظ طاہر محمود اشرفی، رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد، سیکرٹری اوقات ڈاکٹر احسان بھٹہ، مولانا حسین اکبر نے کلیدی خطاب کیا۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہم خوش نصیب ہیں کہ نبی کریم ؐ کی امت میں ہمیں پیدا کیا گیا، ہر دن تحفظ ناموس رسالتؐ کا دن ہے ۔ تاریخ کے ہر موڑ پر عاشق رسول ؐ پیدا ہوئے اور ہوتے رہیں گے ، ہر مسلمان توحید اور ختم نبوت پر اپنی زندگی گزارتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کا ہم نے بہت لحاظ کرلیا، ہم نے ان کیلئے قربانیاں دیں لیکن انہوں نے ہمارے بچوں کا خون بہایا، مساجد، امام بارگاہ میں خون بہایا لیکن اب ہم برداشت نہیں کرسکتے ۔ قبل ازیں حافظ طاہر محمود اشرفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کا عالمی دن منظور کرایا، اللہ تعالیٰ نے پاکستان اور سعودی عرب کو ایسی طاقت دی ہے کہ دونوں مسلمان ریاستیں امت کے مسائل کا حل نکال سکتی ہیں۔