پاکستان کی کوشش ہے جنگ جلد ختم ہو : گورنر سلیم حیدر
اتحاد کیلئے فضل الرحمان کا کردار مثبت :گفتگو،مولاناامجد کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت
لاہور(سیاسی نمائندہ)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے جے یو آئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ر مولانا امجد خان سے انکی ہمشیرہ کے انتقال پر جامعہ رحمانیہ میں تعزیت کی، اس موقع پر پروفیسر عبدالماجد خان اور اسعد منظور اور دیگر بھی موجود تھے ۔ اس موقع پراور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ میں مولانا امجد خان کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں اور اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے، اتحاد بین المسلمین کی آج بہت زیادہ ضرورت ہے، علما نے ماضی میں اتحاد بین المسلمین کیلئے بہترین کردار ادا کیا ، علما کے جذبے کو سراہتا ہوں ، اتحاد امت کے لئے مولانا فضل الرحمان کا کردار مثبت ہے اورہمارے ہمسائے میں ایران پر جنگ مسلط کی گئی ، ان حالات میں تفریق پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ پاکستان کی کوشش ہے جنگ جلد ختم ہواور ہمیں ملک میں محبت و بھائی چارے کی فضا پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔