جامعہ القدس میں یومِ پاکستان کے سلسلے میں خصوصی تقریب
ملک دشمن عناصر کیخلاف سخت اور مؤثر کارروائی کی جائے :مولانا عبد الغفار روپڑی
لاہور (سیاسی نمائندہ)مولانا عبد الغفار روپڑی نے کہا ہے کہ قوم کو متحد ہو کر پاکستان بنانے کے مقاصد کی تکمیل کرنا ہوگی۔ ہمارے بزرگوں نے بے شمار قربانیاں دے کر یہ پاک وطن حاصل کیا، لہٰذا اس کی حفاظت اور استحکام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔وہ جامعہ القدس، چوک دالگراں میں یومِ پاکستان کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع حافظ عبد الوحید شاہد مولانا شکیل الرحمٰن ناصر حافظ امجد اقبال گھمن قاری فیاض نے بھی خطاب کیا انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک، پاک فوج اور ریاستی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا کھلی بے غیرتی اور دشمن کے ایجنڈے کی تکمیل کے مترادف ہے ۔ ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت اور مؤثر کارروائی کرے تاکہ پاکستان کے استحکام اور سالمیت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ یومِ پاکستان ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر وطن عزیز کو مضبوط بنائیں۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔