شیعہ علماکونسل کے وفد کی خانہ فرہنگ ایران آمد،فاتحہ خوانی

شیعہ علماکونسل کے وفد کی خانہ فرہنگ ایران آمد،فاتحہ خوانی

علماکی آرمی چیف سے لاقات کو غلط رنگ دینے والوں کا ایجنڈا مسترد :قاسم علی

لاہور (سیاسی نمائندہ) فوکل پرسن شیعہ علماکونسل پنجاب قاسم علی قاسمی کی قیادت میں وفد کی خانہ فرہنگ ایران آمد،ڈی جی ڈاکٹر اصغر مسعودی سے ملاقات ،عید کی مبارکباد دی، سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای،میناب سکول کی طالبات اور دیگر شہدا کی شہادت پر اظہار تعزیت اوربلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ وفد میں شیعہ علماکونسل پنجاب کے نائب صدر جعفر علی شاہ ، آصف زیدی، عامر بھٹی، اور دیگر رہنما بھی شریک ہوئے ۔ اس موقع پر قاسم علی قاسمی نے کہا ایران کی امریکی استعمار کے سامنے مزاحمت اور قیام، امت کی عظمت کی دلیل ہے ۔پاکستان میں بسنے والے شیعہ دیوبندی سنی اہلحدیث سمیت پاکستانی عوام اور حکومت ایران کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

ایرانی عوام بھی پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔فیلڈ مارشل عاصم منیر تین بار رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای شہید سے ملے ،شیعہ علمائے کرام کی آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کوسوشل میڈیا پر منفی رنگ دیا جا رہا ہے ۔ملاقات کو غلط رنگ دینے والوں کا سیاسی ایجنڈا مسترد کرتے اورمتنبہ کرتے ہیں کہ فرقہ واریت پھیلانے والے باز آجائیں ۔اگر ہم پاکستان اور فوج کو کمزور کریں گے تو عالم اسلام اور ایران کو نقصان ہو گا۔نئے رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای نے پاکستانی عوام کو عید پر پیغام بھیجا اور شکریہ ادا کیا۔پاکستان ایران کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔ڈی جی خانہ فرہنگ ایران ڈاکٹر اصغر مسعودی نے وفد کی آمد، اظہار تعزیت ،ہمدردی اور یکجہتی پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد نقوی ،شیعہ و سنی علمااور پاکستانی عوام کا شکریہ ادار کرتے کہا پاکستان سے ایران کا تعلق ہمسائے کا ہے ۔ نئے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیاہے۔ اور واضح کیا کہ پاکستانی عوام کے دل ہمیشہ ایران کے ساتھ رہے ہیں ، رہبر شہید بھی پاکستان کا تذکرہ بہت محبت سے کیا کرتے تھے ۔ ایرانی قیادت کو لاہور سے بھی بہت محبت ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں