الحمرا آرٹس کونسل میں یومِ پاکستان کی تقریبات

الحمرا آرٹس کونسل میں یومِ پاکستان کی تقریبات

ملی نغمے ، ٹیبلوز ، ثقافتی پروگرام پیش ،شہداکی قربانیوں کو خراجِ عقیدت

 لاہور(اے پی پی)لاہور آرٹس کونسل الحمرا کے زیر اہتمام یومِ پاکستان کے موقع پر خصوصی تقریبات کا انعقاد ،فن و ثقافت کے فروغ کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں فنکاروں نے ملی نغمے ، ٹیبلوز اور دیگر ثقافتی پروگرام پیش کیے جنہیں حاضرین نے بھرپور سراہا۔ مقررین نے یومِ پاکستان کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ 1940 کو پیش کی جانے والی قراردادِ لاہور برصغیر کے مسلمانوں کیلئے علیحدہ وطن کے حصول کی بنیاد بنی۔اس موقع پر نوجوانوں کو پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی تلقین کی گئی جبکہ شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا گیا۔تقریبات میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، طلبہ اور فنکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل نواز گوندل نے پرچم کشائی کی۔بینڈ پرفارمنس میں قائدین پاکستان کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن عمیر حسن ودیگر افسروں و ملازمین نے شرکت کی۔تقریب میں ملکی ترقی وسلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ نواز گوندل نے اظہار خیال کرتے کہا یوم پاکستان پر قومی یکجہتی اور حب الوطنی کا بھرپور اظہار محب الوطنی کا مظہر ہے ،الحمرا کے پلیٹ فارم سے یوم پاکستان پر امن، اتحاد اور خوشحالی کا پیغام دیا گیا۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں