ایوان کارکنان میں یوم پاکستان تقریب،پرچم کشائی ،انعامات تقسیم
لاہور (سٹاف رپورٹر)23 مارچ 1940 کا دن جدوجہد آزادی کا اہم موڑ اور ہماری قومی تاریخ کا سنگِ میل ہے ۔۔
۔قرارداد پاکستان کی منظوری نے مسلمانان برصغیر کو واضح راستہ دکھایا اور نصب العین کا تعین کیا۔ آج تجدید عہد کا دن ہے ، ہمیں یہ عزم کرنا چاہئے کہ وطن عزیز کی تعمیروترقی کیلئے اپنا تن من دھن قربان کردینگے ۔آج تمام اختلافات بھلا کر امت مسلمہ کا اتحاد وقت کا تقاضاہے ۔ ان خیالات کااظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں یوم پاکستان پر پرچم کشائی کی تقریب میں کیا۔ صدارت سینئر وائس چیئرمین ادارہ نظریہ پاکستان و چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ میاں فاروق الطاف نے کی۔ فاروق الطاف ، علامہ اقبالؒ کے پوتے و ممبر بورڈ آف گورنرز ادارہ نظریہ پاکستان بیرسٹر ولید اقبال، ماہر تعلیم پروفیسر عابد شیروانی، سیکرٹری ادارہ ناہید عمران گل ، سیکرٹری تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ سیف اللہ چودھری نے اظہار خیال کیا ۔ زبیر اسماعیل نے نظم پیش کی جبکہ شہریار، عبداللہ غنی، امان علی، ہادیہ بابر اشفاق، حافظ قاسم نعیم، ابیہہ اسد، حرا بلال، احمد صدیقی اور مریم نعیم نے تقاریر کیں۔ آخر میں ادارہ کے زیر اہتمام تقریبات یوم پاکستان کے سلسلے میں مقابلوں کے کامیاب طلبہ کو انعامات تقسیم کیے گئے ۔