عید پرتیسرے روز بھی تفریحی مقامات پر سخت سکیورٹی
شہریوں کے رش پرپولیس الرٹ، ڈی آئی جی آپریشنز کاحفاظتی اقدامات کا جائزہ
لاہور (کرائم رپورٹر)عیدالفطر کے تیسرے روز بھی تفریحی مقامات پر سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ۔شہر کے تفریحی مقامات پر خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد کی آمدکے پیشِ نظر لاہور پولیس مکمل الرٹ رہی۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شہریوں کے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے گریٹر اقبال پارک، گلشن اقبال پارک اور دیگر اہم پارکوں کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات چیک کیے ۔ انہوں نے ڈیوٹی پر موجود جوانوں کو مزید چاق و چوبند فرائض ادا کرنے کی ہدایت کی۔فیصل کامران کا کہنا تھا کہ سپروائزری افسرخود فیلڈ میں موجود ہیں اور انتظامات کو براہِ راست چیک کر رہے ہیں جبکہ تفریحی مقامات کے اطراف میں موثر پٹرولنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے ۔