عیدپر ون ویلنگ ، 35ملزم گرفتار، 29مقدمات درج

عیدپر ون ویلنگ ، 35ملزم گرفتار، 29مقدمات درج

تیسرے روز شہر سے 18منچلے پکڑے گئے ، کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا

لاہور (کرائم رپورٹر)عید کے موقع پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے لاہور پولیس نے شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے مؤثر کریک ڈاؤن جاری رکھا۔ پارکوں اور اہم شاہراہوں پر خصوصی ٹیمیں متحرک رہیں جبکہ مختلف مقامات پر ناکہ بندی کرکے مشکوک افراد اور گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ڈی آئی جی آپریشنز کے احکامات پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، شراب نوشی اور اسلحہ کی نمائش کیخلاف سخت کارروائیاں کی گئیں۔ ون ویلنگ کیخلاف 29 مقدمات درج کرکے 35 ملزموں کو گرفتار کیا گیا ۔ہوائی فائرنگ کے 7 مقدمات درج ہوئے جن میں 10 ملزموں کو گرفتار کرکے 4 پسٹل برآمد کئے گئے ۔ اسلحہ کی نمائش پر 26 مقدمات درج کرکے 22 پسٹل، 2 رائفلیں، ایک بندوق اور سینکڑوں گولیاں قبضے میں لی گئیں۔

شراب فروشی پر26 ملزموں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 317 لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ عید سکیورٹی کے پیش نظر مختلف شاہراہوں پر ناکہ بندی کے دوران 6515 موٹر سائیکلوں کی چیکنگ کی گئی جبکہ دستاویزات مکمل نہ ہونے اور دیگر خلاف ورزیوں پر 40 موٹر سائیکلیں تھانوں میں بند کر دی گئیں۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا ہے کہ ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش سنگین جرائم ہیں۔ عیدالفطر کے تیسرے روز شہر بھر میں ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا۔ ایس پی ڈولفن لیفٹیننٹ (ر) اظہر جاوید کا کہنا ہے کہ ون ویلنگ پر والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی مؤثر کونسلنگ کریں۔ترجمان ڈولفن کے مطابق ڈولفن سکواڈ نے مختلف شاہراہوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے 14 منچلوں کو گرفتار کر لیا۔ حمزہ، فرمان، لقمان، یاسر ، علی ودیگر ملزموں کو مغلپورہ، ڈیفنس، غالب مارکیٹ، شالیمار، فیروزپور روڈ سمیت دیگر علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔ شفیق آباد پولیس کی کاروائی پابندی کے باوجود کشادہ سڑکوں پر ویلنگ کرنے والے 4 منچلے گرفتار کر لیے ساتھیوں کے ہمراہ خطرناک ون ویلنگ کرنے اور اسکی ویڈیو بنوانے والے ملزم عبداللہ، ابرار، حامد اور زبیر کو گرفتار کر کے انکے زیر استعمال ویلنگ کے لیے تیار کی گئی موٹر سائیکلوں کو بھی پولیس تحویل میں لے کر مقدمات درج کر لیے گئے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں