جماعت اسلامی کا مال روڈ پر مہنگائی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
حکمران طبقہ خودکفایت شعاری کو فروغ دے :ضیاء الدین انصاری ودیگرکاخطاب
لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے ملک میں بڑھتی ہوئی ہوشربا مہنگائی اور حکمرانوں کی شاہ خرچیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کے پیشِ نظر ضروری ہے کہ حکمران طبقہ اپنی طرزِ زندگی میں سادگی اور کفایت شعاری کو فروغ دے ۔ عوام پہلے ہی مہنگائی اور مالی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں، ایسے میں حکمرانوں پر لازم ہے کہ وہ ذاتی اخراجات اور غیر ضروری عیاشیوں کو محدود کریں۔ریاستی وسائل عوام کی امانت ہوتے ہیں، لہٰذا ان کا استعمال ذمہ داری اور شفافیت کے ساتھ ہونا چاہیے ۔ حکمران اگر سادگی، دیانتداری اور کفایت شعاری کی مثال قائم کریں گے تو نہ صرف عوام کا اعتماد بحال ہوگا بلکہ معاشی استحکام کی جانب بھی مثبت پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔صدر جے آئی یوتھ لاہور جبران بٹ نے کہا کہ حکمران کفایت شعاری کے نام پر عوام کو بیوقوف بنانا بند کریں۔ مظاہرے میں ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور عامر نثار خان ، سیکرٹری جے آئی یوتھ حمزہ بلال سمیت نوجوانوں اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔