کینال روڈ کے شپ ریسٹورنٹ منصوبے پر تعمیراتی سرگرمیاں بند

کینال روڈ کے شپ ریسٹورنٹ منصوبے پر تعمیراتی سرگرمیاں بند

منصوبے کیلئے مزید فنڈز جاری نہ ہونے پر کنٹریکٹر نے کام روک دیا

لاہور (شیخ زین العابدین)کینال روڈ کا منفرد شپ ریسٹورنٹ منصوبہ تعطل کا شکار،بیس کروڑ خرچ ہونے کے باوجود کام رک گیا۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کے اس فلیگ شپ پراجیکٹ پر ابتدائی طور پر پینتالیس کروڑ روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا تھا، تاہم رواں مالی سال میں صرف بیس کروڑ روپے جاری کیے گئے ، جو مکمل طور پر خرچ ہو چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق منصوبے کے لیے مزید فنڈز جاری نہ ہونے پر کنٹریکٹر نے کام روک دیا ہے ، جس کے باعث یہ منصوبہ عملی طور پر فریز ہو چکا ہے ۔ دستیاب وسائل ختم ہونے کے بعد تعمیراتی سرگرمیاں بند ہیں اور سائٹ پر کام مکمل طور پر ٹھپ ہو چکا ہے ۔

یہ منصوبہ کینال روڈ پر ایک منفرد سیاحتی مرکز کے طور پر تیار کیا جا رہا تھا، جس سے نہ صرف شہریوں کو تفریح کے نئے مواقع میسر آنا تھے بلکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ متوقع تھا۔ تاہم فنڈز کی عدم فراہمی نے اس خواب کو ادھورا چھوڑ دیا ہے ۔اب تک صرف جزوی تعمیراتی کیا گیا جبکہ باقی ماندہ ڈھانچہ اور فائنل فنشنگ کے لیے مزید پچیس کروڑ روپے درکار ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال میں اضافی فنڈز جاری ہونے کی توقع ہے ، جس کے بعد کنٹریکٹر دوبارہ کام شروع کرے گا۔ ادھورے منصوبے نہ صرف وسائل کے ضیاع کا باعث بن رہے ہیں بلکہ عوامی اعتماد کو بھی متاثر کر رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں