جنرل ہسپتال شعبہ اطفال میں ایڈز سے آگاہی ورکشاپ
ایڈز کے مریضوں کیلئے کلینک جلد فعال،سہولیات مفت فراہم ہونگی:ایم ایس
لاہور(سٹاف رپورٹر)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا ہے کہ ہیلتھ پروفیشنلز کو بدلتے طبی تقاضوں کے مطابق اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کرتے ہوئے مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی اپنانا ہوگی تاکہ بچوں کو مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے ۔ یہ بات انہوں نے جنرل ہسپتال کے شعبہ اطفال کے زیر اہتمام ایچ آئی وی/ایڈز سے بچاؤ اور آگاہی کے فروغ کیلئے تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں نوجوان ڈاکٹرز اور ہیلتھ پروفیشنلز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر قرۃ العین، اظہر حسین اور ثمر نوید نے بچوں کی نگہداشت، حفاظتی تدابیر اور جدید طبی پروٹوکولز پر روشنی ڈالتے ہوئے شرکا کو پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت بی ایس ایل تھری لیبارٹری میں دستیاب مفت تشخیصی سہولیات سے بھی آگاہ کیا۔ ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد نے بتایا کہ ایڈز کنٹرول پروگرام اور محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری کے اشتراک سے جنرل ہسپتال میں ایچ آئی وی کے مریضوں کیلئے جلد خصوصی کلینک فعال کر دیا جائیگا۔ جہاں تشخیص اور رہنمائی کی سہولیات مفت فراہم کی جائینگی۔