منصوبہ ادھورا، مزید758 الیکٹرک بسیں نہ چل سکیں

منصوبہ ادھورا، مزید758 الیکٹرک بسیں نہ چل سکیں

رواں سال 1100بسیں چلانے کا ہدف تاحال نامکمل ، منصوبہ سست روی کاشکار

لاہور (سٹاف رپورٹرسے )پنجاب حکومت کا الیکٹرک بسوں کا بڑا منصوبہ اہداف سے پیچھے رہ گیا، مالی سال 2025-26میں 1100بسیں چلانے کا ہدف تاحال مکمل نہ ہو سکا،پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی صرف 342 بسیں سڑکوں پر لا سکی،اعداد و شمار بتا رہے ہیں کہ منصوبہ رفتار پکڑنے کے بجائے سست روی کا شکار ہے ،ذرائع کے مطابق ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور جدید شہری ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے شروع کیا گیا الیکٹرک بسوں کا منصوبہ عملی میدان میں مطلوبہ نتائج نہ دے سکا ۔ حکومت نے مالی سال 2025-26 کے دوران 1100الیکٹرک بسیں چلانے کا ہدف مقرر کیا تھا، جسے دو مرحلوں میں تقسیم کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں 600اور دوسرے مرحلے میں مزید 500 بسیں شامل کی جانی تھیں، تاہم پیش رفت اس رفتار سے نہ ہو سکی جس کی توقع کی جا رہی تھی۔پنجاب بھر میں اب تک صرف342 الیکٹرک بسیں آپریشنل ہو پائی ہیں، جو مجموعی ہدف سے 758بسیں کم ہیں۔لاہور میں 27الیکٹرک بسیں چلائی جا رہی ہیں، جبکہ دیگر اضلاع میں بھی محدود سطح پر سروس فراہم کی جا رہی ہے ۔ مالی سال کے اختتام میں صرف تین ماہ باقی ہیں، جبکہ مزید بسوں کی منظوری دی جا چکی ہے ۔ حکومتی مؤقف ہے کہ آنے والے مہینوں میں رفتار تیز کرتے ہوئے بسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں