22 پلازوں سے 20 کروڑ پراپرٹی ٹیکس کی عدم وصولی

22 پلازوں سے 20 کروڑ پراپرٹی ٹیکس کی عدم وصولی

عدم ادائیگی کی صورت میںقانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی: حکام محکمہ ایکسائز

لاہور(عاطف پرویز سے )لاہور میں پلازوں کی بیسمنٹس پر عائد پراپرٹی ٹیکس کی وصولی محکمہ ایکسائز کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں قائم متعدد پلازہ مالکان کی جانب سے بیسمنٹس کا ٹیکس ادا نہیں کیا جا رہا، جس کے باعث محکمہ ایکسائز کو کروڑوں روپے کے واجبات کی وصولی میں مشکلات کا سامنا ہے ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز کے مطابق شہر بھر میں تقریباً 22 پلازوں کی بیسمنٹس سے ٹیکس وصول نہیں ہو سکا جبکہ ان پراپرٹیز سے 20 کروڑ روپے سے زائد کے واجبات وصول کیے جانے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بیسمنٹس پر عام پراپرٹی ٹیکس کے مقابلے میں 50 فیصد شرح لاگو ہوتی ہے ، تاہم متعدد مالکان کی عدم ادائیگی کے باعث ریونیو متاثر ہو رہا ہے ۔ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائی کے دوران محکمہ ایکسائز کی ٹیموں نے بعض پراپرٹیز کو سیل کرنے کی کوشش کی لیکن کئی مقامات پر مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ اس کے باوجود بعض پلازہ مالکان سے واجبات وصول کر لیے گئے ہیں۔ان پلازوں کو  ٹیکس وصولی  محکمہ ایکسائز کے لئے  درد سر بنا ہوا ہے۔ کیونکہ  پلازہ مالکان  شدید مزاحمت کرتے ہیں۔ واجبات کی وصولی کا عمل جاری رکھا ہوا ہے ۔ حکام نے تمام نادہندگان کو فوری طور پر ٹیکس جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ عدم ادائیگی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سرکاری محصولات کے تحفظ کیلئے ٹیکس نادہندگان کے خلاف کارروائیاںجاری رہیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں