کچی آبادیوں میں عمارتوں کا جامع سروے مکمل نہ ہوسکا
لینڈ یوز اور بلڈنگ کنٹرول سے متعلق اختیارات بھی ایل ڈی اے کے سپرد
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور میں موجود کچی آبادیوں کی تعمیراتی صورتحال اور عمارتوں کے تحفظ سے متعلق کئی اہم حقائق سامنے آئے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق شہر کی 165کچی آبادیوں میں موجود عمارتوں کی حالت کا جامع سروے مکمل نہیں کیا جا سکا، جبکہ مجموعی تعمیراتی ڈھانچے سے متعلق مکمل ڈیٹا بھی دستیاب نہیں ہو سکا۔ریکارڈ کے مطابق لاہور کی 154کچی آبادیاں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے انتظامی دائرہ کار میں منتقل کی جا چکی ہیں۔ ان آبادیوں میں لینڈ یوز اور بلڈنگ کنٹرول سے متعلق اختیارات بھی ایل ڈی اے کے سپرد کیے گئے ہیں، ادارے کے شعبہ ٹاؤن پلاننگ کو تعمیراتی سرگرمیوں کی نگرانی کی ذمہ داری حاصل ہے ۔دستاویزات کے مطابق کچی آبادیوں میں بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز پر عملدرآمد کے حوالے سے جامع سروے سامنے نہیں آ سکا، جبکہ عمارتوں کی قانونی حیثیت سے متعلق مکمل ریکارڈ بھی مرتب نہیں کیا جا سکا۔ غیر قانونی تعمیرات اور کمرشل سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کی تفصیلات بھی محدود ریکارڈ کا حصہ ہیں۔