سی بی ڈی:روٹ47 کے واک ویز پر سولر پینلز نصب نہ ہوسکے
انتظامیہ کا پہلے سے جاری پراسیس مکمل کرنے کے بجائے نئے ریٹس کے مطابق دوبارہ ٹینڈرز طلب کرنے کا فیصلہ روٹ 47پر سولر لائٹس اور دیگر برقی تنصیبات کے بلوں کی مد میں کروڑوں کے اخراجات کیے جا چکے
لاہور (شیخ زین العابدین)مالی سال ختم ہوگیا، لاہور میں سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب کا روٹ 47منصوبہ بھی ایسے ہی منصوبوں میں شامل ہے جہاں سولرائزیشن کا عمل مقررہ وقت کے مطابق مکمل نہ ہو سکا۔ سی بی ڈی روٹ 47 کے واک ویز پر سولر پینلز نصب کر کے ایک میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا تاکہ اس روڈ کے آپریشنل اخراجات کو کم کیا جا سکے ۔صورتحال کے پیش نظر سی بی ڈی پنجاب انتظامیہ نے پہلے سے جاری پراسیس مکمل کرنے کے بجائے نئے ریٹس کے مطابق دوبارہ ٹینڈرز طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جس کی تصدیق سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے کر دی،روٹ 47کو لاہور کی واحد ایسی سڑک قرار دیا گیا تھا جہاں واک ویز پر سولر پلیٹس کی تنصیب کے ذریعے بجلی پیدا کر کے روڈ کے اخراجات پورے کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا، تاہم منصوبے کے آغاز میں تاخیر کے باعث اس کا مقصد بھی تاحال پورا نہیں ہو سکا۔دوسری جانب اس عرصے کے دوران روٹ 47پر سولر لائٹس اور دیگر برقی تنصیبات کے بلوں کی مد میں کروڑوں روپے کے اخراجات بھی کیے جا چکے ہیں۔