ضابطہ فوجداری میں اصلاحات، 9 رکنی کمیٹی تشکیل
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ناصر چوہان کنوینر ہونگے ،جلد رپورٹ پیش کرنیکی ہدایت
لاہور(کورٹ رپورٹر) ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بیرسٹر ظفر اللہ خان نے فوری اور تیز ترین انصاف کی فراہمی کیلئے ضابطہ فوجداری 1898ء میں اصلاحاتی ترامیم کی تیاری کے سلسلے میں 9رکنی کمیٹی تشکیل دیدی۔نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ناصر چوہان کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے ، جبکہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل مدثر نوید چٹھہ، خالدہ پروین، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ ستار ساحل، شاہد نواب چیمہ، محمد یار گوندل، سینئر کنسلٹنٹ محمد عادل چٹھہ، حمزہ ارشد اور احسن اشرف کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں۔کمیٹی کو ضابطہ فوجداری 1898ء کا تفصیلی جائزہ لینے اور موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق اصلاحاتی ترامیم تجویز کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ کمیٹی فوجداری مقدمات کے طریق کار، انصاف کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں اور مقدمات کے جلد فیصلوں میں معاون قانونی اصلاحات کا بھی جائزہ لے گی۔کمیٹی کو اصلاحاتی تجاویز مرتب کرکے جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ فوجداری نظام انصاف میں بہتری لانے اور سائلین کو فوری انصاف کی فراہمی کیلئے مؤثر اقدامات کیے جاسکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments