آتشبازی سامان کی مارکیٹ میں آگ بھڑک اٹھی ،کروڑوں کا نقصان

آتشبازی سامان کی مارکیٹ میں آگ بھڑک اٹھی ،کروڑوں کا نقصان

خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار) آتش بازی کا سامان فروخت کرنے والی مارکیٹ میں آگ بھڑک اُٹھی،پوری مارکیٹ جل کر راکھ بن گئی، کروڑوں روپے مالیت کے نوٹوں کے ہار، آتش بازی ،ڈیکوریشن سامامان اور دیگر قیمتی اشیا جل کر خاکستر ہو گئیں ۔

آتش گیر مادہ پھٹنے کے دھماکوں کی آوازوں سے شہر ی خوف وہراس میں مبتلا ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق خانیوال کے تھانہ سٹی کی حدود میں مین بازار ایوب روڈ میں آتش بازی کا سامان فروخت کرنے والی مارکیٹ میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی، دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے اردگرد کی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، دکانوں میں موجود آتش بازی کے سامان سے دھماکوں کی آوازیں بلند ہونے لگیں جس سے پورا علاقہ خوف زدہ ہوگیا ۔شہریوں کی بڑی تعداد نے کمشنر ملتان،آئی جی پنجاب اور آر پی او ملتان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔یاد رہے کہ اس جگہ پر پہلے بھی متعدد بار آگ لگنے سے نقصان ہوچکا ہے ۔اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر وسیم حامد نے ایوب روڈ پر دکانوں میں آتشزدگی کی جگہ کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے ہاروں اور آتشبازی کی دکانوں میں آگ بجھانے کے کام کا جائزہ لیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں