پولیس خدمت مرکز ملتان کا توسیع کے بعد باقاعدہ افتتاح

پولیس خدمت مرکز ملتان کا توسیع کے بعد باقاعدہ افتتاح

ملتان(کرائم رپورٹر)پولیس خدمت مرکز ملتان کا توسیع کے بعد باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا،آر پی او ملتان کیپٹن(ر)محمد سہیل چودھری اور کمشنر ملتان محمد عامر خٹک نے سی پی او ملتان منصور الحق رانا کے ہمراہ خدمت مرکز کا افتتاح کیا۔

سی پی او ملتان منصور الحق رانا نے نے پولیس خدمت مرکز سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس خدمت مرکز میں شہریوں کو وہیکل کلیئرنس سرٹیفکیٹ، گمشدگی دستاویزات، ایف آئی آر کاپی، تجدید ڈرائیونگ لائسنس، اندراج گھریلوملازم، کریکٹر سرٹیفکیٹ، ڈرائیونگ لرنرپرمٹ، انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ، جرم کی اطلاع، موبائل فون ویری فکیشن سروس، جنرل پولیس ویری فکیشن، گمشدہ بچوں کی رپورٹ، اندراج کرایہ داران، آوٹ ڈسٹرکٹ رینیول لرنر پرمٹ، رینیول آف انڈورسمنٹ لرنر پرمٹ اور قانونی رہنمائی برائے تشدد خواتین سمیت 20 سہولیات میسر ہوں گی۔سی پی او ملتان منصور الحق رانا کا کہنا تھا کہ ملتان پولیس عوام الناس کی جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ہر ممکن سہولیات دینے کے لئے دن رات کوشاں ہے ۔ آر پی او ملتان کیپٹن ر محمد سہیل چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خدمت مرکز ملتان میں توسیع کے بعد شہریوں کے سہولیات میں مزید اضافہ کیا گیا ہے ،انہوں نے خدمت مرکز ملتان کو عوامی خدمت میں ایک شاندار منصوبہ قرار دیا۔کمشنر ملتان نے کہا کہ خدمت مرکز کو ضلعی انتظامیہ کے سسٹم سے لنک کر کے اس کو مزید وسعت دی جائے گی اور عوام کی سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں