میڈیکل سٹور ، فارمیسی لائسنس کا اجرا ، درخواست گزار رل گئے
بوریوالا(سٹی رپورٹر )میڈیکل سٹور اور فارمیسی لائسنس کے اجرا و تجدید کیلئے درخواست گزار رل گئے ۔نئے لائسنس کے حصول و تجدید کیلئے درخواست گزار وں کے بار بار لاہور کے چکر لگانے پڑ رہے ۔
لاہور میں ڈرگ سیل برانچ نے درخواستوں پر اعتراض لگانا معمول بنا لیا۔تفصیل کے مطابق میڈیکل سٹور اور فارمیسی کے لائسنس اجرا اور تجدید کیلئے درخواست گذاروں کی آسانی اور محکمہ میں بدعنوانی کے خاتمے کیلئے دو سال قبل بذریعہ پورٹل نیا ڈرگ سیل لائسنس بنوا نے کا طریقہ کار متعارف کروایا تھا ۔یہ طریقہ کار درخواست گذاروں کیلئے پریشانی کا باعث بن گیا ۔کاغذات مکمل ہونے کے باوجود لاہور برانچ کی طرف سے اعتراض کا میسج آ جاتا ہے اور پورٹل پر آئے میسج کے مطابق اعتراض دور کرنے کے باوجود پھر اعتراض کا میسج آ جاتا ہے ۔ دور دراز اضلاع کے درخواست گذاروں کو میلوں دور کرایہ لگا کر لاہور کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔درخواست گذار مہینوں پریشانی میں مبتلا رہتے ہیں اور آخر کار درخواست منسوخ کر دی جاتی ہے ۔درخواست گذاروں نے چیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔