بغیر نقشہ پارکنگ پلازوں کا ریکارڈ طلب،تجاوزات کیخلاف کارروائی کا حکم

بغیر نقشہ پارکنگ پلازوں کا ریکارڈ طلب،تجاوزات کیخلاف کارروائی کا حکم

ملتان(وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن و ڈی جی ایم ڈی اے مریم خان نے بغیر نقشہ پارکنگ کے پلازوں کی تعمیر پر سخت برہمی کا اظہار ۔۔

کرتے ہوئے ایم ڈی اے سے پلازوں سے متعلق دستاویزات طلب کر لیں جبکہ تجاوزات کے خاتمہ کا حکم دیدیا۔کمشنر کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہر میں بے ہنگم تعمیرات جاری ہیں، ایم ڈی اے فعال کردار ادا کرے ، شہر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کرے ۔انہوں نے  آڈٹ پیرا، بجٹ، پنشن کیسز بارے رپورٹ بھی طلب کرلی ہے ۔کمشنر مریم خان نے کھلی کچہری میں شہریوں کی درخواستوں کی شنوائی کی،مسائل کے فوری حل کیلئے احکامات دیے ۔انہوں نے کہاکہ تمام درخواستوں کی موثر پیروی کرکے مسائل حل کئے جائیں گے ، کمشنر آفس کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں، دو دن کچہری کا مقصد اوپن ڈور پالیسی کا نفاذ ہے ،پیچیدہ قانونی نقطہ کے پیش نظر یا ادھوری دستاویزات کی وجہ سے مسائل کے حل میں تاخیر ہوتی ہے ۔کمشنرنے عالمی یوم ارض پر اپنے پیغام میں کہا کہ امسال عالمی یوم ارض کو پلاسٹک کی آلودگی سے منسلک کیا گیا ہے ،پلاسٹک کا بے جااستعمال روکا جائے ، آلودگی نے زمین کے سسٹم کو ہلا کر رکھ دیا ہے ، ماحولیاتی تغیرات اس کی مثال ہے ، پلاسٹک کا بے جا استعمال موذی امراض کا موجب ہے اور حیاتیاتی تنوع، انسانی صحت اور آب و ہوا پر منفی طریقے سے اثرانداز ہو رہا ہے ،زمین کی بقا میں ہی زندگی کی بقا ہے ، ہم سب کو ملکر آلودگی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کرنے ہونگے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں