تعلیمی اداروں میں گلوکاری مقابلے قابل مذمت، صفدر ہاشمی

تعلیمی اداروں میں گلوکاری مقابلے قابل مذمت، صفدر ہاشمی

ملتان(خبرنگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے کہا ہے کہ گلوکاری کے نام پر پنجاب حکومت کی طرف سے پنجاب بھر میں مقابلہ جات کی مذمت کرتے ہیں۔

پاکستان میں لاکھوں بچے زیور تعلیم سے محروم ہیں حکومت تعلیم کو بجٹ کا 5 فیصد دینے کے لیے تیار نہیں اور موسیقی کو فروغ دینے کی فکر میں مبتلا ہے ۔ پنجاب کے کسانوں سے گندم خریدنے کے لیے ان نااہل حکمرانوں کے پاس وسائل نہیں اور یہ ثقافت کے نام پر لاکھوں روپے خرچ کررہے ہیں جبکہ شعبہ تعلیم پر خرچ کرنے کے لیے ان کے پاس پیسے نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین میں بچوں کو شہید کیا جارہا ہے خواتین اور مردوں کو شہید کیا جارہا ہے کشمیر میں ایک عرصہ سے بھارتی مظالم جاری ہیں لیکن حکومت ان مظلوموں کی داد رسی کے لیے تیار نہیں۔ڈاکٹر صفدر ہاشمی نے کہا کہ حکومت پنجاب ایسے اقدامات مت کرے کہ قوم ان سے استعفیٰ کا مطالبہ شروع کرے ۔ پاکستان ایک نظریاتی مملکت ہے اس کی نظریاتی اساس کا تحفظ جماعت اسلامی جانتی ہے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں