محکمہ تعلیم پنجاب کے وفد کا دورہ سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب

محکمہ تعلیم پنجاب کے وفد کا دورہ سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب

ملتان(خصوصی رپورٹر) ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشن ریفارم پنجاب کی زیر قیادت محکمہ تعلیم پنجاب کے اعلیٰ سطحی وفد کا ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا دورہ، سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر سے ملاقات۔۔۔

 ملتان میں قائم پاکستان کے پہلے ٹرانس جینڈر سکول جا کر تعلیمی معیار اور جدید ووکیشنل لیب کا جائزہ لیا اور طلبہ سے تبادلہ خیال کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشن ریفارم محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب صبا عادل کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کا دورہ کیا اور سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر عبیداللہ کھوکھر سے ملاقات کی۔ وفد میں منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل ایجوکیشن فاؤنڈیشن اسلام آباد طاہرہ شیخ، پروگرام ڈائریکٹر پی ایم آئی یو پنجاب فاروق رشید اور سی ای او ایجوکیشن لاہور محمد پرویز سمیت دیگر تعلیمی افسر شامل تھے ۔ ایجوکیشن سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب آمد پر سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب نے وفد کا خیر مقدم کیا اور کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں وفد کو محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے اہم تعلیمی انیشی ایٹیوز، آؤٹ آف سکول چلڈرن انرولمنٹ، ایجوکیشن ریفارم اور دیگر امور سے متعلق آگاہ کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹریز سروش فاطمہ شیرازی، خواجہ مظہر الحق سمیت محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے متعلقہ افسرشریک تھے ۔ بعدازاں وفد نے ملتان میں قائم پاکستان کے پہلے ٹرانس جینڈر سکول کا بھی دورہ کیا۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں