سکول کو مویشیوں کا بھانہ قرار دینے کی ٹک ٹاک ویڈیو وائرل
سکندرآباد(نامہ نگار)شجاع آباد کے مقامی ٹک ٹاکر شہزاد کی چک آر ایس گرلز مڈل سکول میں بنائی گئی ٹک ٹاک سوشل میڈیا پر وائرل جس میں اس نے سکول کو ‘‘جانوروں کا بھانہ’’ قرار دیا۔
حیران کن طور پر یہ ویڈیو سکول کی ہیڈ مسٹریس اور اساتذہ کی موجودگی میں بنائی گئی، جس پر عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا۔سی ای او ایجوکیشن ملتان صفدر واہگہ نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سکول ہیڈ مسٹریس کو وارننگ جاری کردی اور انہیں دفتر طلب کرلیا۔ اس کے علاوہ، ٹک ٹاکر کے سکول میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کردئیے ۔ذرائع کے مطابق سکول کو حال ہی میں رنگ و روغن کے لیے ٹک ٹاکر نے کچھ رقم دی تھی جس کے بعد ٹک ٹاکر کا بطور مہمان سکول میں استقبال کیا گیا، تاہم ٹک ٹاکر نے رنگ و روغن سے پہلے کے سکول کو ‘‘جانوروں کا بھانہ’’ قرار دے کر تعلیمی ادارے کی توہین کی،ویڈیو میں کچھ سکول ٹیچرز بھی نظر آتی رہیں جو اس لمحے کو کیمرے میں محفوظ کر رہی تھیں۔سی ای او ایجوکیشن ملتان نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی تعلیمی ادارے میں غیر تعلیمی سرگرمیوں، ویڈیوز بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔