شاہراہوں کی اپ گریڈیشن،ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کرنیکا الٹی میٹم

ملتان(وقائع نگار خصوصی ،لیڈی رپورٹر )ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر اولیائمیں ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کردی گئی ہے۔۔
،انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو ضلعی انتظامیہ نے ترجیح بنارکھا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہیڈ محمد والا روڈ اور سہو چوک روڈ منصوبوں کے توسیعی منصوبوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے روڈ اپ گریڈیشن منصوبے کی انسپکشن کی اور کوالٹی کا معائنہ کیا اس موقع پر ایکسین روڈز محمد حیدر اور ایس ڈی او محمد کاشف نے بریفننگ دی۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے کہا کہ 11.68 کلومیٹر طویل روڈ کو 2026 کے آغاز میں مکمل کرلیا جائے گا جبکہ ڈبل کیرج روڈ منصوبے پر1 ارب 53 کروڑ روپے لاگت آئے گی محمد علی بخاری نے کہا کہ منصوبے پر 50 فی صد سے زائد کام مکمل،معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاہراہوں کی اپ گریڈیشن کیلئے خصوصی اقدامات جاری ہیں جبکہ سہو چوک تا سیداں والا بائی پاس روڈ کی توسیع کا کام بھی تیزی سے جاری ہے ۔محمد علی بخاری نے کہا کہ 9 کلومیٹر طویل روڈ کو 1 ارب 2 کروڑ سے زائد کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے ۔منصوبے پر 50 فی صد سے زائد کام مکمل،جون 2025 میں مکمل ہوگی۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر روڈ کے تعمیراتی میٹریل کے معیار کا بھی جائزہ لیا۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے بنیادی مرکز صحت قاسم بیلہ کا اچانک دورہ کے موقع پر کہا کہ صحت کی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کیلئے ضلعی انتظامیہ موثر اقدامات پر عمل پیرا ہے ،انہوں نے ادویات کی فراہمی اور صحت کی سہولیات کی تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ دیہی مراکز صحت کے ذریعے عوام کی دہلیز پر صحت کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، ریاست کی بنیادی ذمہ داری صحت کی سہولیات کو یقینی بنانا ہے ۔