میپکو بہاولنگر سرکل ، سیفٹی کلچر کے فروغ کیلئے ٹریننگ کا انعقاد

ملتان (خصوصی رپورٹر)میپکوبہاولنگر سرکل ٹریننگ سنٹر میں سیفٹی کلچر کے فروغ کے سلسلہ میں محکمہ سول ڈیفنس کی جانب سے ایک روزہ ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا۔۔
سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو بہاولنگر سرکل خالد حسین سیال کی نگرانی میں محکمہ سول ڈیفنس کے نمائندہ/انسٹرکٹر محمد مبشر حسن نے نمائندگی کرتے ہوئے لائن سٹاف کو جنگی حالات، بلیک آؤٹ، فائر فائٹنگ، ابتدائی طبی امداد، بلڈنگ کنٹرول اور فریکچر کے متعلق ٹریننگ دی۔ اس سیشن میں سول ڈیفنس کے ماہرین نے ملازمین کو آگ بجھانے والے آلات کے درست استعمال، سی پی آر اور فرسٹ ایڈ تکنیک، زلزلے یا شارٹ سرکٹ جیسے خطرناک حالات میں فوری ردعمل کے طریقے سکھائے گئے اور ورکشاپ کے دوران ایمرجنسی انخلا کی مشق بھی کی گئی۔ فرسٹ ایڈ رول پلے ، فائر فائٹنگ ڈرلز اور فرضی ہنگامی حالات کے ماڈلز شامل کئے گئے ۔ ایس ڈی او ٹریننگ اینڈ سیفٹی بہاولنگر سرکل غلام سرور نے تربیتی سیشن کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف لائن سٹاف کی پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ ہوا ہے بلکہ ان میں ایمرجنسی صورتحال کا سامنا کرنے کا اعتماد بھی پیدا ہوا ہے ۔ ملازمین کی حفاظت ان کی پہلی ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے محکمہ سول ڈیفنس کے ساتھ اشتراک جاری رکھا جائے گا۔