ترقی کیلئے نوجوانوں، خواتین، اقلیتوں کا کردار اہم ، بختاور تنویر

ترقی کیلئے نوجوانوں، خواتین، اقلیتوں کا کردار اہم ، بختاور تنویر

ملتان (لیڈی رپورٹر)ملتان چیمبر کے صدر بختاور تنویر شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ نوجوانوں، خواتین اور اقلیتی برادری کو معاشی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔۔

، ان طبقات کو قومی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کیے بغیر معاشی استحکام کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔ یہ بات انہوں نے اقوامِ متحدہ ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی)کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس وفد میں پراجیکٹ اینالسٹ سعدیہ بنگش، پراجیکٹ آفیسر ردا زہرہ اور صوبائی ہیومن رائٹس آفیسر مدیحہ فرید شامل تھیں۔ ایوان کے نائب صدر محمد اظہر بلوچ اور سیکرٹری جنرل محمد شفیق بھی اس ملاقات میں موجود تھے ۔میاں بختاور تنویر شیخ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کل آبادی کا تقریباً 70 فیصد حصہ 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے جبکہ خواتین آبادی کا 52 فیصد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس توانائی سے بھرپور انسانی وسائل کو صحیح سمت میں استعمال کیا جائے تو پاکستان نہ صرف غربت پر قابو پا سکتا ہے بلکہ عالمی منڈی میں بھی ایک مضبوط معیشت کے طور پر اُبھر سکتا ہے ۔اقوامِ متحدہ ترقیاتی پروگرام کی نمائندہ سعدیہ بنگش نے ملاقات میں بتایا کہ یو این ڈی پی کے تحت ملتان میں 200 خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ایک جامع تربیتی پروگرام شروع کیا جا رہا ہے ، جس میں خواتین کو مختلف ہنر سکھائے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں