کوٹ ادو، محلہ نورے والا میں گندے پانی کا جوہڑ ،تعفن پھیل گیا
کوٹ ادو (تحصیل رپورٹر)محلہ نورے والا میں گندے پانی کا جوہڑ، تعفن پھیل گیا،بجلی کا خطرناک کھمبا، اہل علاقہ مشکلات کا شکار۔تفصیل کے مطابق کوٹ ادو کے وارڈ نمبر 14 ڈی محلہ نورے والا میں نکاسی آب شدید مسئلہ بن چکا ہے۔۔۔
محلے کے درمیان ایک خالی پلاٹ میں پانچ سے چھ فٹ تک سیوریج کاپانی کھڑا ہے اور روز بروز تعفن، مچھروں اور بیماریوں کا باعث بن رہا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق محلے بھر کے سیوریج کا پانی اسی خالی پلاٹ میں آ کر جمع ہوتا ہے جبکہ مین نالے سے صرف تیس فٹ کے فاصلے پر نکاسی کا قدرتی راستہ موجود ہے مگر انتظامیہ کی عدم توجہی نے اس مسئلے کو سنگین بنا دیا ہے ،صورتحال اس وقت مزید خطرناک ہو جاتی ہے جب معلوم ہوتا ہے کہ اسی پانی میں 11 ہزار کے وی کی بجلی کی لائن کا کھمبا بھی موجود ہے جو کافی عرصے سے ٹیڑھا ہو چکا ہے اور کسی بھی وقت گر سکتا ہے ۔ مذکورہ کھمبے کے بالکل ساتھ رہائشی گھر موجود ہیں، جس سے جانی نقصان کا خدشہ ہے ، بیماریاں پھیل رہی ہیں اور بچے ، بزرگ سب متاثرہو رہے ہیں،اہلِ علاقہ نے ضلعی انتظامیہ،میونسپل کمیٹی اور میپکو حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خالی پلاٹ سے پانی کی نکاسی کیلئے فوری طور پر30فٹ کی نالی تعمیر کی جائے ،گندے پانی کے جوہڑ کو صاف کر کے مٹی ڈالی جائے تاکہ دوبارہ پانی جمع نہ ہو،بجلی کے خطرناک کھمبے کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے ۔