شجاع آباد،سیلاب زدگان کی امداد کیلئے تقریب ، چیک تقسیم
اللہ کی مدد سے اقدامات کیے ، ٹرسٹ کی خدمات قابل تقلید ، کمشنر عامر کریم
سکندرآباد (نامہ نگار) کمشنر ملتان عامر کریم خان نے الفاروقیہ ٹرسٹ شجاع آباد کے زیر انتظام سیلاب زدگان کے لیے منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جلالپور پیروالا شہر کی حفاظت کے لیے اللہ کی مدد سے اقدامات کیے گئے اور بند ٹوٹنے سے 18 کلومیٹر میں تباہی ہوئی۔ کمشنر نے کہا کہ متاثرین کے ساتھ کھڑے رہنا ہر شخص کی ذمہ داری ہے اور مخیر حضرات کو بھی عوامی خدمت کے لیے آگے آنا چاہیے ۔تقریب میں صدر الفاروقیہ ٹرسٹ مولانا زبیراحمد صدیقی کو انجمن تاجران کی طرف سے شیلڈ پیش کی گئی۔ مسلم لیگ ن علماء و مشائخ ونگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری حافظ محمد امجد نے کہا کہ خدمت خلق رضاء الٰہی کا ذریعہ ہے اور حکومت ایسے اداروں کی قدر کرتی ہے ۔مولانا زبیراحمد صدیقی نے بتایا کہ ٹرسٹ نے سیلاب سے ہزاروں افراد کو ریسکیو کیا، علاج معالجہ فراہم کیا، خیمہ بستیوں میں آباد کیا، کھانا پہنچایا اور راشن، کپڑے اور مچھر دانیاں فراہم کیں۔ بونیر سے علی پور تک آپریشن مکمل ہوا اور 99 گھروں اور مساجد کی تعمیر کے لیے کروڑوں روپے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔تقریب میں ڈی ایس پی شجاع آباد ضیا اللہ ملک، تاجران، صحافی، وکلاء، علماء اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مولانا مفتی محمد طیب معاویہ اور مولانا محمد عمیر صدیقی نے بھی خطاب کیا۔ سیلاب زدگان کی خدمات پر مبنی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی اور متاثرین میں چیک تقسیم کیے گئے ۔