معذور افراد کو مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے :امین چنائے
معاشرے سے کٹ جانیوالے آج زندگی اچھے طریقے سے گزار رہے :ڈاکٹر عرفان رجب طیب اردگان ہسپتال، معذور افراد کے حوالے سے تقریب، واک کا اہتمام
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) رجب طیب اردگان (انڈس) ہسپتال مظفرگڑھ میں معذور افراد کے حوالے سے تقریب اور آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ معذور افراد کے حقوق، مسائل اور معاشرے میں ان کے کردار کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی واک کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں معذور افراد، ہسپتال انتظامیہ، ڈاکٹرز اور سپورٹ سٹاف نے شرکت کی۔ تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک محمد امین چنائے نے خطاب میں کہا کہ معذور افراد کو مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ مظفرگڑھ اور گردونواح میں اب تک سینکڑوں معذور افراد کو مصنوعی اعضاء فراہم کیے جا چکے ہیں، جس سے وہ دوبارہ باعزت اور خودمختار زندگی کی طرف لوٹ رہے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہیڈ آف کیمپس رجب طیب اردگان (انڈس) ہسپتال ڈاکٹر عرفان جاوید گدارہ نے کہا وہ افراد جو کسی وقت معاشرے سے کٹ چکے تھے ، آج علاج، مصنوعی اعضاء اور بحالی پروگرامز کی بدولت اپنی زندگی اچھے طریقے سے گزار رہے ہیں۔تقریب کے آخر میں معذور افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔