صفائی کی ناقص صورتحال ناقابل برداشت، خالد جاوید

صفائی کی ناقص صورتحال ناقابل برداشت، خالد جاوید

شہری و دیہی علاقوں میں یکساں صفائی مشن جاری، ڈی سی وہاڑی کا دورہ ماچھیوال

وہاڑی، ماچھیوال (خبر نگار، نمائندہ خصوصی، نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے ماچھیوال کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام، دیہی مرکز صحت، پٹوارخانہ اور بنگلہ روڈ کے سیوریج سسٹم سمیت مختلف ترقیاتی امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں یکساں صفائی مشن جاری ہے اور صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دی جائے ، ناقص صورتحال ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے دیہی مرکز صحت ماچھیوال میں طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، ڈاکٹرز اور سٹاف کی حاضری اور صفائی کے انتظامات چیک کیے ۔ انہوں نے ٹوکن کے اجرا اور ایکسرے مشین کا معائنہ کیا جبکہ کوتاہی برتنے والے ملازمین کی بازپرس بھی کی۔ انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا، جس پر مریضوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق عوام کو علاج معالجہ کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے پٹوارخانے کا دورہ کر کے سائلین سے حسن سلوک کی ہدایت کی جبکہ بنگلہ روڈ پر بند سیوریج سسٹم فوری بحال کرنے کا حکم دیا۔ شہریوں نے مسائل بیان کیے جس پر انہوں نے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں