ایم ڈی اے روڈ پر سکیورٹی صورتحال خراب، جلال عطاری
ملتان (لیڈی رپورٹر)انجمن تاجران پل براراں ایم ڈی اے روڈ کے صدر محمد جلال عطاری اور جنرل سیکرٹری احتشام گل نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ایم ڈی اے روڈ اور ملحقہ مارکیٹوں میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہو چکی ہے۔۔۔
آئے روز دکانوں کے تالے توڑنے اور قیمتی سامان چوری ہونے کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے جس سے تاجر برادری شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران چار سے پانچ دکانوں کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری کیا جا چکا ہے۔
، تاہم پولیس کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ پانچ روز قبل صدر انجمن محمد جلال عطاری کی دکان \"حافظ آصف الیکٹرک اینڈ ریفریجریشن\" میں نامعلوم تالا توڑ گروہ نے بڑی واردات کرتے ہوئے تقریباً 30 سے 35 لاکھ روپے مالیت کا سامان اور نقدی لوٹ لی، مگر تاحال ملزم گرفتار نہیں ہو سکے ۔تاجروں کا کہنا ہے کہ پولیس اور متعلقہ انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث شدید بے چینی پائی جا رہی ہے اور اگر فوری اقدامات نہ کئے گئے تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔