70 سالہ بزرگ پر تشدد، نہر میں پھینک دیا، ریڑھی توڑ دی
ملزم ارسلان بیگ گرفتار، سابقہ قتل اور شراب فروشی کے مقدمات میں بھی ملوث
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) تھانہ سٹی کوٹ ادو کے علاقے وارڈ نمبر 14 ای محلہ غریب آباد میں 70 سالہ بزرگ روزہ دار محمد سلطان شیخ پر بدنام زمانہ ملزم مرزا ارسلان بیگ نے بہیمانہ تشدد کیا اور انہیں نہر میں دھکا دے دیا۔ ملزم نے دوران جھگڑا بزرگ کی ریڑھی اور بینچ بھی توڑ دی جبکہ نقدی 10 ہزار 200 روپے بھی چھین کر فرار ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق بزرگ اپنی ریڑھی پر گول گپے بیچ رہے تھے کہ شراب کے نشے میں ملزم مرزا ارسلان بیگ اور ایک ساتھی آئے اور گالم گلوچ کے بعد ہتھوں مکوں سے تشدد شروع کر دیا۔ اہل علاقہ کے آنے پر ملزمان فرار ہو گئے ۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرزا ارسلان بیگ کو گرفتار کر لیا۔واضح رہے کہ ملزم پہلے بھی راہگیر خاتون کے قتل کے مقدمہ میں گرفتار رہ چکا ہے اور اس کے قبضہ سے آلہ قتل کے علاوہ 6 ولایتی شراب کی بوتلیں اور 10 کپیاں شراب برآمد ہوئیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عادی اور خطرناک عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ بزرگ اور روزہ دار محفوظ رہ سکیں۔