افغانستان کیخلاف جنگ میں شہید راؤ زوہیب کی نمازجنازہ ادا
سرکاری اعزاز کیساتھ تدفین ، اہل علاقہ، معززین، سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت
بوریوالا (سٹی رپورٹر) ملک کی حفاظت کا فریضہ ادا کرتے ہوئے افغانستان کے خلاف لڑائی میں شہید ہونے والے جوان راؤ زوہیب کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں 485 ای بی بوریوالا میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ میں اہل علاقہ، معززین، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔نماز جنازہ کے موقع پر فضا شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے کے نعروں سے گونجتی رہی جبکہ نوجوان فوجی کی شہادت پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔ رقت آمیز مناظر نے شرکاء کو آبدیدہ کر دیا۔ بزرگوں اور نوجوانوں نے شہید کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوت کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔مقررین نے کہا کہ راؤ زوہیب کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور ان کا لہو قوم میں حوصلہ اور عزم کو مزید مضبوط کرے گا۔ انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ بعد ازاں شہید کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ علاقے کی فضا دیر تک سوگ اور فخر کے جذبات سے بھرپور رہی۔