غیر قانونی ذبحہ خانہ پر چھاپہ، غیر معیاری گوشت برآمد
400 کلو گرام گوشت تلف کردیا گیا، ملزم گرفتار، قانونی کارروائی شروع
وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی) عوام کو مضرِ صحت گوشت فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ وہاڑی میں غیر قانونی ذبحہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے محکمہ لائیوسٹاک اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مشترکہ ٹیم نے پپلز کالونی وائی بلاک کے قریب ایک گھر پر چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں غیر معیاری گوشت برآمد کر لیا۔کارروائی کے دوران ایک مادہ جانور کا تقریباً 400 کلو گرام گوشت قبضے میں لیا گیا جو مقررہ پابندی کے دن ذبح کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق یہ عمل پنجاب جانوروں کے ذبحہ کنٹرول ترمیمی ایکٹ 2016 کی دفعہ 3(2) سی کی کھلی خلاف ورزی ہے ، جس کے تحت مخصوص ایام کے علاوہ جانوروں کے ذبحہ پر پابندی عائد ہے ۔معائنہ کے دوران برآمد شدہ گوشت انسانی صحت کے لیے مضر اور ناقابلِ استعمال قرار دیا گیا۔ موقع پر موجود ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ضبط شدہ گوشت کو فوڈ سیفٹی قوانین کے تحت تلف کر دیا گیا تاکہ شہریوں کو کسی بھی ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے ۔متعلقہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ محکمہ لائیوسٹاک اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عزم ظاہر کیا ہے کہ غیر قانونی اور غیر معیاری خوراک کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کو محفوظ و معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔