پرائس کنٹرول سخت، 1700 دکانوں کا معائنہ، جرمانے عائد
ڈ ی سی ملیحہ رشید کی ہدایت پر اوورچارجنگ پر کارروائیاں، ایک دکاندار گرفتار
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) رمضان المبارک میں شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے پرائس کنٹرول اقدامات سخت کر دیے ہیں۔ ناجائز منافع خوروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ ہے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس و پیرا فورس کو گرانفروشی کے خلاف مکمل اختیارات دے دیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کی ہدایت پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1700 سے زائد دکانوں کی انسپیکشن کی گئی۔ اوورچارجنگ پر ایک دکاندار کو گرفتار کیا گیا جبکہ دیگر خلاف ورزیوں پر 1 لاکھ 26 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ نے بڑے ڈیپارٹمنٹل سٹورز پر ڈی سی کاؤنٹرز بھی فعال کر دیے ہیں جہاں اشیائے خوردونوش مقررہ نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ رمضان میں عوام کو ریلیف دینے اور قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے ۔