نشتر ہسپتال، پارکنگ میں کھڑی کار کے چاروں ٹائر چوری
ایم ایس کا نوٹس ، ٹھیکیدار کو نقصان پورا کرنے کا حکم، مقدمہ درج
ملتان (لیڈی رپورٹر)نشتر ہسپتال ملتان کی پارکنگ سے ایک شہری کی آلٹو کار کے چاروں ٹائر چوری ہو گئے ، جس کے بعد ہسپتال انتظامیہ کے جدید پارکنگ سسٹم اور سکیورٹی انتظامات پر سنگین سوالات اٹھ گئے ہیں۔متاثرہ شہری کے مطابق وہ مریض کی عیادت کے لئے ہسپتال آیا اور گاڑی باقاعدہ پارکنگ میں کھڑی کی، جہاں 50 روپے فیس وصول کی گئی ۔ واپسی پر گاڑی کے چاروں ٹائر غائب تھے اور گاڑی اینٹوں کے سہارے کھڑی تھی۔ واقعے کے بعد ہسپتال آنے والے لواحقین، مریض اور عملے میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے ۔ شہریوں نے کہا کہ اگر فیس لینے کے باوجود گاڑیاں محفوظ نہیں تو پارکنگ سسٹم کی افادیت پر سوالیہ نشان ہے ۔ذرائع کے مطابق پارکنگ ایریا میں کیمرے موجود ہونے کے باوجود چوری ہونا انتظامی غفلت کی نشاندہی کرتا ہے ۔ متاثرہ شہری نے متعلقہ تھانے میں درخواست دی ہے ، جبکہ ہسپتال انتظامیہ نے تحقیقات کا عندیہ دیا ہے ۔ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر راؤ امجد نے نوٹس لیتے ہوئے ٹھیکیدار کو متاثرہ شہری کا تمام نقصان پورا کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔